Author

حضرت مولانا محمد اسلم شیخوپوری شہید

مولانا محمد اسلم شیخوپوری شہید رحمہ اللہ شیخوپورہ کے نواحی گائوں میں پیدا ہوئے آپ نے دینی تعلیم کا آغاز باغبانپورہ لاہور میں ہمارے مخدوم حضرت مولانا محمد اسحاق قادریؒ کے ہاں کیا تھا جو شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ کے ارشد تلامذہ میں سے تھے۔ مولانا شیخوپوریؒ نے صرف و نحو کی ابتدائی تعلیم ان سے حاصل کی اور ان کے بچوں کے ساتھ کچھ عرصہ ان کے گھر میں رہے۔ حضرت مولانا محمد اسحاق قادریؒ کی اہلیہ محترمہ ان سے اپنے بچوں کی طرح پیار کرتی تھیں اور وہ بھی ان سے بہت مانوس تھے۔ مولانا محمد اسلم شیخوپوری نے درسِ نظامی کی تکمیل جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں کی اور وہیں دورۂ حدیث کر کے فراغت حاصل کی۔ بعد میں وہ کراچی تشریف لے گئے اور غالباً جامعہ بنوری ٹاؤن کے دورۂ حدیث میں بھی شریک ہوئے۔ قرآن کریم کے درس کا ذوق انہوں نے اپنے دو بزرگ اساتذہ حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدرؒ اور حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتیؒ سے پایا اور وہ اس کا مختلف مواقع پر تذکرہ بھی کرتے تھے۔ حضرت 13 مئی 2013 کو درس قرآن کی ایک مجلس میں شرکت کے لیے آتے ہوئے راستے میں ہی شہید کر دیے گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون مولانا محمد اسلم شیخوپوری شہید آج کے دور میں شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کی اس تعلیمی و فکری جدوجہد کا اہم کردار تھے جو حضرت شیخ الہندؒ نے مالٹا کی قید سے رہائی کے بعد ہندوستان واپس پہنچنے پر شروع کی تھی کہ مسلمانوں میں اجتماعیت کے فروغ کی محنت کی جائے اور قرآنی تعلیمات عام مسلمانوں تک پہنچانے کی جدوجہد کی جائے۔ مولانا شیخوپوریؒ نے قرآنِ کریم کے درس کے لیے جو اسلوب اختیار کیا، وہ آج کے نوجوان علماء کرام کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

Biography

Al Manhal Publisher

Address: Shop: 2&3, Anwar Mention, Jamshed Road, Karachi, Pakistan

Contact Form